ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / میڈیکل کالجوں میں بیرونی طلبا کو پندرہ فیصد سیٹیں مختص،کرناٹکا ایگزامنیشن اتھارٹی کی طرف سے ریاست کے طلبا کی حق تلفی

میڈیکل کالجوں میں بیرونی طلبا کو پندرہ فیصد سیٹیں مختص،کرناٹکا ایگزامنیشن اتھارٹی کی طرف سے ریاست کے طلبا کی حق تلفی

Tue, 11 Jul 2017 09:42:44    S.O. News Service

بنگلورو،10؍ جولائی(ایس اونیوز) سرکاری اور نجی میڈیکل کالجوں میں دستیاب سرکاری کوٹے کی سیٹوں کو پر کرنے کیلئے بیرون ریاستی امیدواروں کی طرف سے درخواستیں طلب کرکے کرناٹکا ایگزامنیشن اتھارٹی نے کرناٹک کے مقامی مستحق میڈیکل طلبا کی حق تلفی کرنے کی کوشش کی ہے۔ سرکاری کوٹے کیلئے مختص سیٹوں میں سے ایگزامنیشن اتھارٹی نے تملناڈو ، مہاراشٹرا، آندھرا پردیش اور دیگر ریاستوں کے طلبا کو سیٹیں مہیا کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب کرناٹک کے سرکاری کوٹے کے تحت کرناٹک کے ساتھ مذکورہ ریاستوں کے طلبا بھی عرضی دے سکتے ہیں۔حال ہی میں میڈیکل پروفیشنل کورس میں داخلہ کیلئے نیٹ امتحان کا نتیجہ ظاہر ہوا۔ نئے فرمان کے تحت نیٹ امتحان لکھنے والے تمام ریاستوں کے طلبا ریاست کے کالجوں میں پندرہ فیصد سیٹیں حاصل کرسکیں گے۔ سرکاری کالجوں کے کوٹے سے بھی پندرہ فیصد سیٹیں بیرونی ریاستوں کے طلبا کیلئے مختص کی جائیں گی۔ باقی 85 سیٹیں کالج جس طرح چاہیں استعمال کرسکتی ہیں۔ پندرہ فیصد سیٹیں پہلے ہی غیر مقیم ہندوستانیوں کیلئے مخصوص قرار دی گئی ہیں۔ یہ کوشش کی جارہی ہے کہ اس کوٹے کو 25 فیصد تک بھی بڑھالیا جائے۔ امسال چونکہ دستیاب سرکاری سیٹوں کی تعداد 6000 سے زائد ہے ، یہ خدشہ ظاہر کیا جارہاہے کہ 15 فیصد سیٹیں بیرونی طلبا کیلئے مختص کئے جانے کی وجہ سے ریاست کے طلبا کو پندرہ سو سے زائد سیٹوں کا نقصان ہوسکتاہے۔ ریاست کے نجی سرکاری ، لسانی اور مذہبی اقلیت سے وابستہ اداروں میں بھی پندرہ فیصد سیٹیں این ای ای ٹی کی بنیاد پر طے کی گئی ہیں۔


Share: